فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں حکمراں جماعت الفتح کے رہ نما رامی الحمد للہ کے وزارت عظمٰٰی سے استعفے کو صدر محمود عباس کی غلط پالیسیوں کا شاخسانہ قرار دیا جا رہا ہے۔ فلسطینی مجلس قانون ساز کے اسپیکر ڈاکٹر عبدالعزیز دویک نے رامی الحمد کے استعفے پراپنے رد عمل میں کہا ہے کہ یہ اقدام تحریک الفتح کی صفوں میں پائے جانے والے گہرے اختلافات کی عکاسی کرتا ہے۔ نیز رامی الحمد کا استعفیٰ براہ راست صدر محمود عباس کی ناکامی منہ بولتا ثبوت ہے۔
خیال رہے کہ رامی الحمد للہ کو اڑھائی ہفتے قبل وزارت عظمیٰ کا قلم دان سوپنا گیا تھا۔ وہ صرف اٹھارہ دن کی حکومت کے بعد جمعرات کے روز اپنے عہدے سے سکبدوش ہوگئے تھے۔
اردنی اخبار "السبیل” کی رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر عزیز دویک نے خدشہ ظاہر کیا کہ رامی الحمد کے استعفے، صدر محمود عباس کی ناکام پالیسیوں اور مجلس قانون ساز کو کمزور کرنے جیسے اقدامات کے نتیجے میں فلسطین میں مزید بے چینی اور عدم استحکام کی فضاء پیدا ہوگی۔
ادھر فلسطینی سیاسی تجزیہ کار پروفیسر ڈاکٹر عبدالستار قاسم نے رامی الحمد للہ کی حکومت کے استعفے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے صدر محمود عباس کو موجودہ صورت حال پر قصور وار قرار دیا ہے۔ ڈاکٹر قاسم کا کہنا ہے کہ حکومت سنبھالنے کے اٹھارہ دن بعد رامی کا استعفیٰ دینا باعث تعجب ضرور ہے لیکن اس میں صدر عباس خود بھی قصور وار ہیں۔ کیونکہ صدر عباس نے رامی الحمد کو وزارت عظمٰی کا قلمدان سونپتے وقت ان سے اختیارات اور سیاسی پروگرام بارے کوئی مشاورت نہیں کی۔
درایں اثناء اسلامی تحریک مزاحمت ۔ حماس۔ کے ترجمان ڈاکٹر فوزی برھوم نے رامی الحمد للہ کے استعفے پر بات کرتے ہوئے اسے انفرادی اور قومی ہم آہنگی سے خالی فیصلوں کا نتیجہ قرار دیا۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مغربی کنارے میں رامی الحمد للہ کی حکومت کا مستعفیٰ ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ رام اللہ میں انفرادی اقدامات، ہم آہنگی سے خالی کمزور اور بے مقصد فیصلے اب بھی جاری ہیں، جن کے نتیجے میں فلسطین کے داخلی حالات ٹھیک ہونے کے بجائے مزید خراب ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ رام اللہ انتظامیہ کو اس امر کا ادراک کرنا چاہیے کہ مسئلے کا حل نت نئی حکومتوں کی تشکیل اور اکھاڑ پچھاڑ میں نہیں بلکہ قومی مصالحتی معاہدے پر عمل درآمد میں مضمر ہے۔ موجودہ حالات میں صرف قومی حکومت ہی قوم کو بحران سے نکالتے ہوئے سیاسی انتشارکے خاتمے اور قومی امنگوں کی ترجمانی کر سکتی ہے۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین
