انتہا پسند یہودیوں کا مسجد اقصیٰ میں داخل ہوکر مقدس مقام کی بے حرمتی کا اشتعال انگیز سلسلہ بدستور جاری ہے۔ بدھ کی شام دو الگ الگ گروپوں کی شکل میں 23 یہودی آباد کار فوج اور پولیس کی فول پروف سیکیورٹی میں قبلہ اوّل میں داخل ہوئے اور مقدس مقام کی بے حرمتی کی۔
رپورٹ کے مطابق یہودی آباد کاروں کے قبلہ اوّل میں داخلے کے وقت مسجد اقصیٰ میں فلسطینی نمازیوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ یہودیوں کو دیکھ کرانہوں نے اللہ اکبرکے نعرے لگائے۔عینی شاہدین نے بتایا کہ یہودی آباد کار ٹولیوں کی شکل میں قبلہ اوّل میں مراکشی دروازے کے راستے داخل ہوئے۔ اس موقع پر یہودی فوجیوں اور پولیس نے انتہا پسندوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کر رکھی تھی۔
رپورٹ کے مطابق بدھ کو علی الصباح ہی سے یہودی آبادکاروں کی قبلہ اوّل میں آمد ورفت کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا۔ شام کو دو الگ الگ گروپوں میں کل تئیس یہودی آباد کاروں نے مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کی۔
قبلہ اوّل میں موجود شہریوں نے بتایا کہ یہودی انتہا پسند مسجد میں داخل ہونے کے بعد مصلیٰ مروانی، مراکشی دروازے سے متصل اسلامی میوزیم میں بھی داخل ہوگئے اور گھنٹوں وہاں بیٹھے مذموم ہیکل سلیمانی کے بارے میں باتیں کرتے رہے۔