فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے تحت ”یوم سیاہ”کے موقع پر میمن مسجد بولٹن مارکیٹ کراچی کے باہر نماز جمعہ کے بعداحتجاجی مظاہرہ
عالم اسلام بیت المقدس کے تحفظ کے لئے اٹھ کھڑا ہو،خون کے آخری قطرے تک بیت المقدس کی حفاظت کریں گے،بیت المقدس کی حفاظت ہر مسلمان کا شرعی فریضہ ہے کوتاہی نہیں برتیں گے،اسرائیل غاصب ریاست ہے نابودی نا گزیر ہے ،بیت المقدس کو صیہونی غاصب ریاست اسرائیل کا دارلحکومت قرار دے کر یہودیانے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار فلسطین
فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی رہنماؤں مظفر احمد ہاشمی (سابق رکن قومی اسمبلی و رہنما جماعت اسلامی)،علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی (مرکزیرہنما جمعیت علماء پاکستان)،مولانا صادق رضا (رہنما مجلس وحدت مسلمین )،صابر کربلائی (ترجمان فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان )،قاری سلیم اختر (رہنما جمعیت علماء پاکستان سندھ)،امان اللہ خان نیازی(امیر فدائیان ختم نبوت پاکستان )،مولانا قاری شمیم احمد،عبد الوحید یونس،ناصر رضوان ایڈووکیٹ ،محمد آصف ایڈووکیٹ اور دیگر نے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے تحت ”یوم سیاہ”کے موقع پر میمن مسجد بولٹن مارکیٹ کراچی کے باہر نماز جمعہ کے بعد خطاب کرتے ہوئے ۔مظاہرے میں سیکڑوں افراد نے شرکت کی اور مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے خلاف اور قبلہ اول بیت المقدس کی حمایت میں نعرے آویزاں تھے۔
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان اور جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما مظفر احمد ہاشمی کا کہنا تھا کہ غاصب صیہونی ریاست کی جانب سے بیت المقدس کو صیہونی غاصب ریاست کا دارلحکومت قرار دینا امت مسلمہ کے جذبات و احساسات کی توہین کے مترادف ہے ،فلسطین صرف اور صرف فلسطینیوں کا ہے اور کسی کو یہ اختیار نہیں کہ وہ القدس الشریف کے بارے میں فیصلہ کرے ،ان کاکہنا تھا کہ القدس الشریف کے خلاف ہونے والی صیہونی سازشوں کو ہر حا ل میںناکام بنا دیں گے ۔
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان اور جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی کاکہنا تھا کہ دنیا بھر کے مسلمانوں کو چاہیے کہ غاصب صیہونی ریاست
اسرائیل کے اس اعلان کے خلاف کہ جس میں صیہونیوں نے بیت المقدس کو اسرائیلی جارح ریاست کا بیت المقدس قرار دینے کی گھناؤنی سازش کی ہے کے خلاف سراپا احتجاج بن جائیں ،ان کاکہنا تھا پاکستان کے غیور عوام قبلہ اول بیت المقدس کو اپنا مقدس مقام تسلیم کرتے ہیں اور غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کو ہر گز اجازت نہیں دیں گے کہ وہ مسلمانوں کے مقدس مقامات کو یہودیانے کی ناپاک سازشیں کرے ،انہوںنے مزید کہا کہ اگر صیہونی غاصب ریاست اسرائیل نے اپنے ناپاک اور مذموم عزائم کو عملی جامہ پہنانے کی کوشش کی تو دنیا بھر میں صیہونی غاصب ریاست اسرائیل اور اس کے سرپرست عالمی دہشت گرد امریکہ کو سخت نقصان پہنچائیں گے ۔
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی رہنماؤں نے واضح کیا کہ غاصب صیہونی ریاست اسرائیل فلسطین میں نہ صرف مظلوم اورنہتے عوام کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا رہی ہے بلکہ اب مسلمانوں کے مقدس مقامات بشمول قبلہ اول بیت المقدس اور مسجد الاقصیٰ کے خلاف بھی گھناؤنی سازشوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے جس کا مقصد تیسرے ہیکل سلیمانی کی تعمیر اور نصب کرنا ہے ،ان کاکہنا تھا کہ دنیا بھر کے مسلمان متحد ہیں اور غاصب صیہونیوں کے کسی صورت اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
انہوںنے عندیہ دیا کہ اگر صیہونی غاصب ریاست نے قبلہ اول بیت المقدس کے خلاف کسی بھی قسم کی کاروائی کی تو دنیا بھر سے چلنے والے عالمی مارچ برائے آزادیئ القدس میں غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کی نابودی کا مارچ قرار دے دیا جائے گا اور پاکستان سے بڑی تعداد عالمی مارچ میں شریک ہو گی ۔اس موقع پر شرکائے مظاہرہ نے امریکہ مردہ باد،اسرائیل نا منظور اور قبلہ اول کی آزادی تک جنگ رہے گی جنگ رہے گی کے فلک شگاف نعرے لگائے اور امریکی وصیہونی پرچم بھی نذر آتش کئے