فلسطین کی منظم دینی سیاسی جماعت اسلامی تحریک مزاحمت”حماس” کےسیاسی شعبے سربراہ خالد مشعل نے مراکش میں اسلامی جماعت توحید و اصلاح کی پارلیمانی انتخابات میں کامیابی پر جماعت اور پوری مراکشی قوم کو مُبارک باد دی ہے۔
مراکش کے دارالحکومت رباط میں جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ کےدفترسے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جماعت کو حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل کی جانب سے ایک تحریری تہینتی پیغام موصول ہوا ہے۔ جس میں حماس کے رہنما نے جماعت کی کامیابی پر پوری قوم کو مبارک دی ہے۔
خالد مشعل نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا ہے کہ مراکش میں جسٹس پارٹی کی انتخابی فتح صرف مراکشی عوام ہی کی نہیں فلسطینی عوام کے لیے ایک خوشی اور مسرت کا باعث ہے۔ حماس اور فلسطینی عوام مراکش کی اسلامی جماعت کی کامیابی پر تہ دل سے مبارک باد پیش کرتے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ مراکش کےعوام نے جسٹس پارٹی کو ووٹ دے کر فیصلہ کر دیا ہے وہ ملک میں اسلامی نظام حکومت چاہتے ہیں۔ مراکشی بادشاہ کو اب عوام کے اس فیصلے کو تسلیم کرتے ہوئے جسٹس پارٹی کو حکومت سازی کا پورا موقع فراہم کرنا چاہیے۔
خالد مشعل نے مراکشی جسٹس پارٹی کے سربراہ محمد الحمداوی کو خصوصی طور پر مبارک باد کا پیغام دیا اور اپنی جانب سے جماعت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
خیال رہے کہ حال ہی میں مراکش میں ہونے والےپارلیمانی انتخابات میں اسلام پسند جماعت جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ نے بھاری اکثریت سے نشستیں جیت لی تھیں، جس کے بعد مراکش کے بادشاہ شاہ محمد ششم نے جماعت کے جنرل سیکرٹری عبدالالہ بن کیران کو حکومت سازی کی دعوت دی ہے۔