(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کی عسکری شاخ القسام بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ نے اعلان کیا ہے کہ القسام کل بروز ہفتہ اپنی قید میں موجود 4 صیہونی خواتین فوجیوں کو رہا کرے گی۔
ابو عبیدہ نے ان خواتین کے نام بھی جاری کیے، جن میں کارینا اریئیف، دانییل جلبوع، نعمہ لیوی، اور لیری الباج شامل ہیں۔ یہ رہائی طوفان الاقصیٰ معاہدے کے تحت عمل میں آئے گی، جو غزہ میں 19 جنوری 2025 سے جاری جنگ بندی کے معاہدے کا حصہ ہے۔
دوسری جانب، غیر قانونی صیہونی ریاست کے وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے دفتر نے بیان دیا کہ "وسطاء کے ذریعے خواتین کی رہائی کی فہرست موصول ہوگئی ہے، اور صیہونی ریاست کی طرف سے جواب بعد میں دیا جائے گا۔”
جنگ بندی کے معاہدے کے تحت، فلسطینی مزاحمت نے معاہدے کے نفاذ کے پہلے روز 3 صیہونی خواتین قیدیوں کو رہا کیا تھا، جس کے بدلے میں غیر قانونی صیہونی ریاست نے اپنی جیلوں سے 90 فلسطینی قیدیوں کو رہا کیا۔
اسیران اور قیدیوں کے معاملات کی کمیٹی اور کلب اسیر کے مطابق، پہلی رہائی میں شامل فلسطینی قیدیوں میں 69 خواتین اور 21 بچے شامل تھے، جن میں 76 قیدیوں کا تعلق مغربی کنارے سے جبکہ 14 کا تعلق القدس سے تھا۔