حماس سے تعلق رکھنے والے چار اسیران نے اسرائیلی جیلوں میں اپنی انتظامی قید کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے پیر سے بھوک ہڑتال کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
نقب جیل میں مقید فلسطینی اسیر شیخ سمیر بھائیس کی اہلیہ نے مرکز اطلاعات فلسطین کو بتایا ہے کہ ان کے شوہر نے ان سے حالیہ ملاقات میں انہیں بتایا ہے کہ وہ پیر کے روز سے اپنی اس انتظامی حراست پر بھوک ہڑتال شروع کررہے ہیں۔ انہیں بغیر کسی مقدمے یا الزام کے انتظامی حراست میں رکھا گیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ان کے شوہر کو فلسطینی اتھارٹی نے الخلیل کے یطہ قصبے میں ملازمت سے نکال دیا تھا اور انہیں اس سے پہلے بھی سات سال کے لئے اسرائیلی جیلوں میں قید رکھا گیا تھا۔
سمیر کی اہلیہ نے ہلال احمر اور تمام انسانی حقوق کے لئے کام کرنے والے اداروں سے مداخلت کرنے اور اپنے شوہر کی رہائی کے لئے کام کرنے کو کہا۔ ان کے شوہر 4\2\2013 سے انتظامی حراست میں ہیں۔
اسی دوران نقب جیل میں موجود ذرائع نے مرکز اطلاعات فلسطین کو بتایا ہے کہ حماس سے تعلق رکھنے والے نابلس کے تین اسیران بھی پیر سے بھوک ہڑتال شروع کرنے کا سوچ رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ باسل خالد، انس محمود جداللہ اور موید جمیل شراب کو انتظامی حراست میں رکھا گیا ہے اور ان کی حراست کی چھ ماہ کی مدت پوری ہونے پر اس کی تجدید کردی گئی ہے۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین
