(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی فوج اور داخلہ سیکیورٹی کی خفیہ ایجنسی شاباک اور بارڈر پولیس نے آج بروز منگل جنین شہر (شمالی مقبوضہ مغربی کنارے) میں ایک فوجی کارروائی کی جس کے نتیجے میں نو فلسطینی شہید اور کم سے کم پینتیس زخمی ہوگئے۔
"آہنی دیوار” کے نام سے شروع کی گئی اس دہشتگردانہ۔کارروائی کے آغاز کے ساتھ ہی ایک ڈرون نے جنین میں ایک عوامی مقام کو نشانہ بنایا۔اس دوران صیہونی ریاست کی فوج نے اپاچی ہیلی کاپٹر سے جنین کیمپ پر فائرنگ کی جس سے شہید اور زخمی ہوئے۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ صیہونی ریاست کی فوج نے جنین کیمپ کے علاؤہ گردونواح کے الجابریات علاقے پر بھی دھاوا بول دیا، جس کے دوران مزاحمت کاروں کو خبردار کرنے کے لیے الارم بجائے گئے۔
فلسطینی سیکیورٹی ادارے کیمپ کے گردونواح سے پیچھے ہٹ گئے۔ مقامی ذرائع نے بتایا کہ غیر قانونی صیہونی ریاست کی خصوصی فورسز کے ابتدائی حملے کے بعد، مزید فوجی کمک جنین شہر اور کیمپ کے اطراف میں داخل ہو گئی۔
اطلاعات کے مطابق فلسطینی سیکیورٹی ادارے جنین کیمپ کا 47 دن تک محاصرہ کرنے کے بعد وہاں سے واپس چلے گئے، جہاں خونریز واقعات میں 15 فلسطینی شہید ہوئے، جن میں 6 فلسطینی سیکیورٹی ادارے کے اہلکار شامل تھے۔
اسی دوران، فلسطینی ہلال احمر نے بتایا کہ غیر قانونی صیہونی ریاست کے آبادکاروں نے قلقیلیہ کے گاؤں الفندق اور جنسافوط پر حملہ کیا، جس میں 21 فلسطینی زخمی ہوئے۔ حماس نے ایک بیان میں کہا کہ "آبادکاروں کے حملے اس وقت ہو رہے ہیں جب غیر قانونی صیہونی ریاست کے آبادکاروں کی دہشت گردی پورے مغربی کنارے میں بڑھ رہی ہے۔” حماس نے مزاحمت کو مزید تیز کرنے کی اپیل کی تاکہ آبادکاروں اور قبضے کے خلاف جدوجہد کی جا سکے۔