رام اللہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) صیہونی فوج کی جانب سے جنوری 2019ء کے دوران فلسطینیوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری رہا۔ جنوری 2019ء کے پہلے مہینے میں اسرائیلی فوج نے پانچ خواتین اور 67 بچوں سمیت 380 فلسطینیوں کو حراست میں لیا۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مرکز اسیران اسٹڈی سینٹر کی طرف سے ہفتے کے روز جاری ہونے والی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جنوری کے دوران اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی سے پانچ ماہی گیروں سمیت 12 فلسطینیوں کو حراست میں لیا جب کہ چھ فلسطینیوں کو غزہ کی شمالی سرحد عبور کرنے کی پاداش میں گرفتار کیا گیا۔
ادھر مقبوضہ مغربی کنارےمیں قائم اسرائیلی جیل ’’عوفر‘‘ میں اسرائیلی فوج نے 2007ء کے بعد پہلی بار قیدیوں پر بدترین تشدد کیا۔
اسرائیلی فوج اور صیہونی جلادوں نے قیدیوں کے کمروں میں گھس کر انہیں ہولناک تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں سیکڑوں قیدی زخمی ہوگئے۔
جنوری کے دوران اسرائیلی حکام کی طرف سے 55 فلسطینیوں کے لیے انتظامی حراست کے احکامات جاری کیے گئے۔ ان میں سے 18 نئے اور 37 پہلے سے قید فلسطینیوں کو انتظامی قید کی سزائیں دی گئیں۔