(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسرائیلی جیل میں انتظامی قیدکے خلاف مسلسل 103 دن تک بطور احتجاج بھوک ہڑتال کرنے والے فلسطینی ماہر الاخرس نے صہیونی حکام کی طرف سے 26 نومبر کو رہا کیے جانے کی یقین دہانی کے بعد ہڑتال معطل کردی ہے۔
فلسطینی اسیران کے امور کی کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیاہے کہ اسیر ماہر الاخرس نے 103 دن تک بھوک ہڑتال ختم کردی ہے۔ وہ 26 نومبر کو اپنی رہائی تک اسپتال میں زیرعلاج رہیں گے اور ان کی انتظامی قید میں مزید توسیع نہیں کی جائے گی۔
فلسطینی تحریک اسیران نے ماہر الاخرس کو بھوک ہڑتال کا مقصد پورا ہونے پرمبارک باد پیش کی ہے۔
تحریک کی طرف سے اسیر الاخرس کے ساتھ قومی اور عوامی سطحپر یکجہتی پر فلسطینی عوام کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے۔خیال رہے کہ 49 سالہ اسیر الاخرس کا تعلق غرب اردن کے شمالی شہر جنین سے ہے۔ اس نے 27 جولائی 2020ء کو اسرائیلی جیل میں انتظامی قید میں چار ماہ کی توسیع کے خلاف بھوک ہڑتال شروع کی تھی۔