اسلامی تحریک مزاحمت ۔ حماس نے ترکی میں آنے والے زلزلے میں ہونے والے بھاری جانی و مالی نقصان کے موقع پر ترک عوام سے اظہار یک جہتی کیا ہے۔ حماس کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی قوم مصیبت کی اس گھڑی میں اپنے ترک بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
پیر کے روز حماس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ فلسطینی قوم ترک قوم اور حکومت دونوں کے ساتھ اظہار یک جہتی کرتی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ 217 افراد کی جان لینے اور 1100 افراد کو زخمی کرنے والی اس آفت کے موقع پر حماس ترک قوم کی ہر ممکن مدد کرے گی۔
حماس نے اس عظیم سانحے کی زد میں آنے والے افراد کے ورثاء سے اظہار تعزیت کیا اور جاں بحق ہونے والوں کے لیے دعائے مغفرت کی۔
اتوار کے روز ترکی میں آنے والا زلزلہ انتہائی شدید نوعیت کا تھا جس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 7.2 تھی۔ زلزلے میں مزید نقصانات کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔