ترکی کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ترکی تباہ حال غزہ کو فوری طور پر امداد فراہم کرے گا تاکہ اسرائیل اور مصر کی جانب سے عائد کردہ محاصرے کے گھمبیر اثرات سے نمٹا جاسکے۔
ترک وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کئے جانے والے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ غزہ میں صورتحال بدتر ہوتی جارہی ہے اور ترکی کے صدارتی دفتر نے ترک تعاون اور ترقیاتی ایجنسی تیکا کی مدد سے غزہ کی فلسطینی حکومت کو ساڑھے آٹھ لاکھ ڈالر کی مالی امداد پہنچا دی ہے۔
وزارت کا کہنا ہے کہ اس مالی امداد سے پانی کے پمپوں اور ہسپتالوں کو بجلی فراہم کرنے والے جنریٹروں کے لئے تیل خریدا جاسکے گا۔
ترکی کی حکومت نے انروا کی جانب سے جاری کی جانے والی حالیہ اپیل پر غزہ کو دس ہزار ٹن آٹا فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس امداد کی پہلی کھیپ یکم نومبر کو بھیجی جائے گی۔ ترکی غزہ کو طبی امداد فراہم کرنے کی بھی کوشش کررہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق اس طبی امداد میں میڈیکل آلات اور ادویات شامل ہوں گی۔
اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے پولٹ بیورو کے رہنما خالد مشعل نے اس مہینے کے اوائل میں ترکی کا دورہ کیا تھا اور انہوں نے اس موقع پر ترک وزیراعظم رجب طیب اردوان سے بھی ملاقات کی تھی۔
