مقامی ذرائع نے بتایا کہ گذشتہ روز شمالی جنین میں الیامون کے مقام پر فتح کے دو متحارب گروپوں نے ایک دوسرے پر فائرنگ کی۔ اس دوران ایک گولی 30 سالہ نداء تیسیر ابو الھیجاء کے سرمیں جا لگی جس کے نتیجے میں اس کی موت واقع ہوگئی۔
عینی شاہدین کا کہناہے کہ نداء تیسیر ایک تین منزلہ پلازے میں اپنے فلیٹ میں موجود تھی جب اچانک ایک گولی اس کے سرمیں آلگی۔ اسے اسپتال پہنچانے کی کوشش کی گئی مگر وہ راستے ہی میں دم توڑ گئی تھی۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ فتحاوی گروپوں میں تصاد کے نتیجے میں خاتون کی قتل کے خلاف مقامی آبادی میں سخت غم وغصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔ مقامی شہریوں نے صدر عباس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایک نہتی خاتون کو گولیاں مار کر قتل کرنے میں ملوث عناصر کو گرفتار کرکے انہیں قرار واقعی سزا دیں۔ مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ فتحاوی اختلافات کی بھینٹ چڑھنے والی خاتون کے تین بچے ہیں جن کی عمریں آٹھ سال سے کم ہیں۔
