مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق رام اللہ میں فلسطینی حکومت کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ نابلس، جنین اور الخلیل میں فلسطینی شہریوں پر اسرائیلی فوج کے قاتلانہ حملے اور دو فلسطینیوں کی شہادت کا ذمہ دار اسرائیل ہے جو پورے خطے کو دہشت گردی اور تشدد کی نذر کرنے کی سازش کر رہا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ نہتے فلسطینیوں کی شہادتوں سے لگ رہا ہے کہ صہیونی ریاست امن کے نام نہاد دعوے کررہی ہے۔ نہتے فلسطینیوں کا قتل امن مساعی سے فرار کا کھلا ثبوت ہے۔
بیان میں فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں سیکڑوں کی تعداد میں مکانات کی تعمیر کے اسرائیلی اعلانات کی بھی شدید مذمت کی ہے اور اسے امن کے منافی اقدام قرار دیتے ہوئے اشتعال انگیز اور فلسطینیوں کے خلاف نفرت کا شاخسانہ قرار دیا ہے۔
فلسطینی حکومت نے مختلف شہروں سے بے گناہ فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور عالمی برادری سے فلسطینویں کا قتل عام بند کرانے کے لیے صہیونی ریاست پر دبائو ڈالنے کا مطالبہ کیا ہے۔
خیال رہے کہ بدھ اور جمعرات کے روز اسرائیلی فوجیوں نے غرب اردن میں دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو نہتے فلسطینیوں اکیس سالہ محمد علاونہ اور باون سالہ فلاح الریماوی کو ان کے گھروں میں گھس کر گولیاں مارنے کے بعد شہید کردیا تھا۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
