مسجد اقصیٰ کی تعمیرو مرمت کی ذمہ دار تنظیم "الاقصیٰ فاؤنڈیشن و ٹرسٹ” نے اطلاع دی ہے کہ اتوار کے روز درجنوں یہودی آباد کاروں نے مسجد اقصیٰ پر دھاوا بولا اور مقدس مقام کی بے حرمتی کا ارتکاب کیا ہے۔ اس موقع پر پولیس اور اسرائیلی فوج نے یہودی آباد کاروں کو مکمل سیکیورٹی مہیا کر رکھی تھی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اقصیٰ فاؤنڈیشن کے میڈیا کوآرڈینیٹر اور تنظیم کے ترجمان محمود ابوعطاء نے مقبوضہ بیت المقدس میں میڈیا کو بتایا کہ یہودی آباد کار اتوار کے روزمختلف گروپوں کی شکل میں تاریخی مراکشی دروازے سے مسجد اقصیٰ میں داخل ہوتے اور مذہبی رسومات کی ادائیگی کے بعد وہاں کھلے عام گھومتے رہے ہیں۔
ابوعطاء کا کہنا تھا کہ ان کی اطلاع کے مطابق یہودیوں کے شدت پسند مذہبی گروپ”حریدیم” سے تعلق رکھنے والے 40 ربی اور درجنوں دوسرے یہودی آباد کار مسجد اقصیٰ میں داخل ہوئے۔ اس موقع پر فلسطینی شہریوں اور مسجد میں موجود طلباء نے یہودیوں کو روکنے کی کوشش کی تاہم صہیونی فوج اور پولیس نے انہیں تحفظ فراہم کیا اور فلسطینیوں کو ان کے قریب بھی پھٹکنے نہیں دیا گیا۔
اقصیٰ فاؤنڈیشن کے عہدیدار کا کہنا تھا کہ سیکڑوں کی تعداد میں یہودی آباد کار یومیہ کی بنیاد پر مسجد اقصیٰ میں موجود رہتے ہیں۔ آئندہ ماہ یہودیوں کے مذہبی تہوار بھی شروع ہو رہے ہیں۔ ان تہواروں کے دوران یہودیوں کی تعداد اور مسجد اقصیٰ پر حملوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
