فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس شہر میں فلسطینی شہریوں کی جانب سے پتھرائو کے نتیجے میں چار یہودی آباد کار زخمی ہوگئے ہیں۔ یہ واقعہ بیت المقدس کی ایک مصروف شاہراہ پر پیش آیا۔
سنگ باری کے بعد اسرائیلی فوج اور پولیس کی بڑی تعداد نے علاقے کو گھیرے میں لے کرسرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق جمعہ کے روز بیت المقدس میں شاہراہ 443 پر یہودی آباد کاروں کو نامعلوم افراد نے پتھرائو سے نشانہ بنایا۔ عینی شاہدین کے مطابق یہودی آباد کاروں کو شاہراہ پرایک پٹرول پمپ کے قریب سنگ باری سے نشانہ بنایاگیا۔ پتھرائو سے ایک موٹرسائیکل سوار یہودی آباد کار سمیت چار یہودی زخمی ہوگئے۔ ایک یہودی کےسرمیں پتھر لگنے سے گہری چوٹ آئی ہے تاہم دیگرکو معمولی زخم آئے ہیں۔ تمام زخمیوں کو "شعاری تصیدک” اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ اسرائیلی فوج اور پولیس نے سنگ باری کرنے والوں کا تعاقب کیا مگر وہ کسی کوگرفتار کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی۔ پتھرائو کرنے والوں نے چہروں پر نقاب چڑھا رکھے تھے جس کی وجہ سے ان کی شناخت نہیں ہوسکی۔ سنگ باری کے بعد وہ جائے وقوعہ سے فرار ہوگئےتھے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
