فلسطین کے مقبوضہ شہر بیت المقدس میں اسرائیلی فوج نے گھر گھر تلاشی کے دوران نہتے خواتین اور بچوں کو زد و کوب کرنے کے بعد متعدد افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ گھروں میں تلاشی کے دوران قیمتی اشیاء، نقدی اور زیورات بھی قبضے میں لے لیے گئے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق صہیونی فوج نے منگل کے روز مسجد اقصیٰ کی جنوبی کالونی” سلوان” میں چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے گھروں میں گھس کر خواتین اور بچوں کو زدو کوب کیا۔ تلاشی کی کارروائی میں ایک فلسطینی نوجوان کو حراست میں لینے کے بعد اسے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
مقامی ذرائع کےمطابق صہیونی فوج نے 26 سالہ عماد العباسی کو اس وقت حراست میں لیا جب وہ سلوان میں اللوزہ کالونی میں اپنے گھر میں موجود تھا اور اسرائیلی فوج نے اس کے گھر پر دھاوا بول دیا۔ عینی شاہدین کے مطابق قابض فوج تفتیشی کتوں کے ہمراہ فلسطینیوں کے گھروں میں گھومتی رہی، جس سے شہریوں نے سخت خوف و ہراس پایا جا رہا ہے۔
درایں اثناء بیت المقدس میں "عین حلوہ۔ سلوان”مرکز اطلاعات کے مطابق قابض فوج نے منگل کے بئر ابو ایوب کالونی میں فلسطینی شہریوں عطار ریان اور محمد ریان کے گھروں پر چھاپے مارے اور گھر کی جامہ تلاشی لینے کے بعد وہاں سے ملنے والی نقدی اور زیوارت بھی قبضے میں لے لیے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
