(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) مسجد اقصیٰ کے امام وخطیب الشیخ محمد سلیم نے کہا ہے کہ بھوک ہڑتال کرنے والے فلسطینیوں کی زندگی سے کھیلنا اسرائیل کی بدمعاشی اور غںڈہ گردی ہے۔ انہوں نے بھوک ہڑتالی صحافی محمد القیق سمیت تمام بھوک ہڑتالی فلسطینیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔
رپورٹ کے مطابق جمعہ کے روز اسرائیلی فوج اور پولیس کی پابندیوں کے باوجود 50 ہزار فلسطینی قبلہ اوّل میں نماز جمعہ میں پہنچنے میں کامیاب رہے۔
نماز جمعہ کی امامت الشیخ محمد سلیم نےکی۔ انہوں نے جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے بھوک ہڑتالی اسیران کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔
الشیخ محمد سلیم نے کہا کہ فلسطینی بھوک ہڑتالی اسیران کی رہائی کا موقع اسرائیل کے ہاتھ سے نکلتا جا رہاہے۔ ہم اسرائیل سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ انتظامی حراست میں ڈالے گئے تمام فلسطینی قیدیوں کی فوری رہائی کو یقینی بنائے۔ انہوں نے صحافیوں کو پابند سلاسل کرنے اور انہیں بھوک ہڑتال پرمجبور کرنے کو حریت انسانی اور آزادی اظہار رائے پرکھلی جارحیت قرار دیا۔
