قاھرہ میں فلسطینی جماعتوں کے مابین ہونے والے اتفاق کے بعد بنائی جانے والی ’’بنیادی آزادیوں کی کمیٹی‘‘ کا آج ہونے والا اجلاس بعض تکنیکی وجوہات کی بنا پر موخر کر دیا گیا ہے۔
فلسطینی اعلی اختیاراتی ذرائع نے ’’مرکز اطلاعات فلسطین‘‘کو بتایا کہ کمیٹی کا اجلاس نیشنل انی شی ایٹو کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر مصطفی برغوثی کے سفر کی بنا پر موخر کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کمیٹی کے اجلاس کے لیے اگلی تاریخ کے لیے مغربی کنارے اور غزہ کی جماعتوں کے درمیان رابطے جاری ہیں اور جلد ہی اجلاس کی نئی تاریخ کا فیصلہ کر لیا جائے گا۔
کمیٹی میں حماس کی نمائندگی کرنے والے اس کے رہنما انجینئر اسماعیل اشقر نے ’’مرکز اطلاعات فلسطین‘‘ کے ساتھ اپنی خصوصی گفتگو میں بتایا کہ اجلاس کی نئی تاریخ طے ہونے کے بعد کمیٹی اپنے اجلاس میں کل جماعتی کانفرنس میں متفقہ طور پر طے پانے والے امور پر مباحثہ کرے گی۔ ان امور میں ویزوں کے لیے آنے والوں کو سکیورٹی انتظامات فراہم کرنے سے انکار، سیاسی گرفتاریوں اور دیگر آزادیوں کے معاملات شامل ہیں۔
باخبر ذرائع نے ہمارے نمائندے کو بتایا کہ پاسپورٹ کےاجرا میں سکیورٹی وجوہات کی معاملہ تاحال حل نہیں ہو سکا ہے اور ذرائع ابلاغ میں اس موضوع کے حل ہونے کی خبروں کے بعد ویزوں کے اجراء کے لیے آنے والے متعدد افراد کو اب بھی واپس کیا جا رہا ہے۔

