(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) بغیر کسی جرم کے اسرائیلی عقوبت خانے میں قید فلسطینی نے انتظامی حراست کی غیر قانونی پالیسی کے تحت 73 ویں روز بھی بھوک ہڑتال جاری رکھتے ہوئے اسپتال میں علاج کی پیش کش کر بھی مسترد کردیا ۔
کلب برائے اسیران کے چیئرمین قدورہ فارس کے مطابق اسرائیلی سپریم کورٹ نے صہیونی حکام کو حکم دیا ہے کہ وہ 29 سالہ فلسطینی مصعب الھندی کا اسپتال میں علاج کرائیں اور اس کی بھوک ہڑتال ختم کرانے کی کوشش کریں تاہم مصعب الھندی نے اسپتال میں کسی قسم کی علاج کی پیش کش قبول کرنے سے انکار کردیا ہے ۔
انکا کہنا ہے کہ اسرائیلی سپریم کورٹ نے مصعب الھندی کی بھوک ہڑتال ختم کرانے کیلئے تمام اقدامات کرنے کے احکامات دیئے ہیں تاہم صہیونی فوج عدالتی فیصلے کو مسلسل نظرانداز کررہی ہے۔
واضح رہے کہ مصعب نے چار ستمبر 2019ء کو انتظامی حراست کے خلاف بھوک ہڑتال کا اعلان کیا تھا۔ الھندی مسلسل کئی سال سے انتظامی قید کے تحت پابند سلاسل ہیں اور ان کی قید میں 24 ویں بار توسیع کی گئی ہے۔