فلسطینی ممبر پارلیمان جمال خضری نے خطے کا دورہ کرنے والے امریکی وزیر خارجہ جان کیری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ امن قائم کرنے کا واحد ذریعہ اسرائیلی قبضے کا ختم کرنا ہے اور ایک فلسطینی ریاست کا قیام عمل میں لانا ہے جس کا دارالحکومت یروشلم ہو۔
خضری جو کہ محاصرے کے خلاف قائم عوامی کمیٹی کے سربراہ ہیں، نے ہفتے کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی کی آبادکاری کی پالیسی، غزہ کا محاصرہ اور یروشلم کی صیہونیت میں رنگنے کی کوششوں کا مقصد زمینی حقائق کو بدلنا ہے۔
ممبر پارلیمان کا کہنا ہے کہ اسرائیلی خلاف ورزیاں تمام فلسطینیوں کو نشانہ بنا رہی ہیں چاہے وہ مغربی کنارے میں ہوں، یروشلم میں، 1948 کے مقبوضہ علاقوں میں یا غزہ کی پٹی میں۔ ان کا اشارہ نسلی تعصب کی مظہر دیوار، آبادکاری کی سرگرمیوں، فلسطینی زمین پر قبضے اور غزہ کے محاصرے کی جانب تھا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل بطور قابض طاقت ان بین الاقوامی قوانین کی پروا نہیں کرتا ہے جو کہ یہودی بستیوں کی تعمیر کو روکتے ہیں اور مزید بستیوں کی تعمیر اور موجودہ بستیوں کی توسیع کی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔
خضری نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل کے طریقہ کار اور صیہونی منصوبوں کو روکنے کے لئے سنجیدہ اور موثر اقدامات اٹھائے خاص طور پر یروشلم کی حفاظت کے لئے کوششیں کی جائیں۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین
