امریکا اسرائیلی اور فلسطینی اتھارٹی کے درمیان مذاکرات کی بحالی کے لیے بے چین ہے اور اس حوالے سے امریکی وزیر خارجہ جان کیری ایک بار پھر فلسطین کے دورے کی تیاریاں کر رہے ہیں، فروری سے لیکر اب تک یہ ان کا پانچواں دورہ ہوگا۔
جمعہ کے روز عبرانی چینل سیون کی ویب سائٹ نے اپنی ایک سٹوری میں بتایا کہ جان کیری اس دورے میں فلسطینی صدر محمود عباس اور اردن اور اسرائیل کے اعلی عہدیداروں سے ملاقاتیں کرینگے۔ تاہم جان کیری کے دورے کی مزید تفصیلات سے آگاہ نہیں کیا گیا۔
امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان نے بھی گزشتہ روز بتایا تھا کہ جان کیری اگلے ہفتے کے دوران ایک بار پھر فلسطین جائیں گے۔ اس سے قبل اسرائیلی حکام اعلان کر چکے ہیں کہ وہ جان کیری کے حالیہ دورے کے باوجود القدس میں ایک ہزار رہائشی یونٹس تعمیر کرینگے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
