مقبوضہ بیت المقدس میں قائم القدس انفارمیشن سینٹر کے ڈائریکٹر محمد صادق نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل نے القدس میں غیر قانونی آباد کاری کا سلسلہ جاری رکھا تو وہ اس کے خلاف عوامی تحریک انتفاضہ شروع کرسکتے ہیں۔
مقبوضہ بیت المقدس میں ایک اخبار کو اٹنرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شیخ جراح کے علاقے میں اسرائیل کی غیر قانونی مداخلت پرالقدس کے شہریوں کا احتجاج فلسطینی عوام کے اتحاد اور یکجہتی کی بہترین مثال ہے۔ اسرائیلی اقدامات کے خلاف القدس کے شہریوں کا یہ پہلا اجتماعی احتجاج کا مظاہرہ ہے۔ اسرائیلی نے غیر قانونی یہودی آباد کاری کا سلسلہ جاری رکھا تو اس کے خلاف شہر بھرکے عوام کو اکھٹا کیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت بیت المقدس کو یہودی رنگ دینے کی کوشش کررہا ہے، فلسطینی عوام اسرائیل کو اس کی اجازت ہرگز نہیں دیں گے۔ مسجد اقصیٰ کے قریب اسرائیل نے شیخ جراح اور سلوان کے مقامات پر القدس کے شہریوں کو ان کے گھروں سے بے دخل کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہے جس کے خلاف پورے بیت المقدس میں عوام یک زبان ہیں۔ اسرائیلی جارحیت جاری رہی تو ان اقدامات کے خلاف عوامی تحریک انتفاضہ شروع کریں گے۔