فلسطین کی عسکری تنظیم اسلامی جہاد کے ملٹری ونگ القدس بریگیڈ نے گذشتہ دو روز سے جاری اسرائیلی فوج کی بمباری اور مجاہدین کے راکٹ حملوں کے بعد فریقین میں کسی بھی قسم کی جنگ بندی کی تردید کی ہے۔
تنظیم کا کہنا ہے کہ وہ اپنے شہید ساتھیوں کےخون کا بدلہ لے گی اور اس وقت تک صہیونی فوج پر راکٹ حملے جاری رکھے گی جب تک شہداء کےخون کا بدلہ نہیں لے لیا جاتا۔ خیال رہے کہ ہفتے کی شام سے جاری اسرائیلی ریاستی دہشت گردی کے دوران القدس بریگیڈ کے نو ارکان شہید اور درجنوں افراد زخمی ہو چکے ہیں۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق القدس بریگیڈ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ "جب تک ہماری قوم کےخلاف دشمن کے جنگی جرائم جاری رہیں گے مجاہدین بھی کسی قسم کی جنگ بندی نہیں کریں گے۔ اسرائیلی میڈیا میں جنگ بندی کے بارے میں جو اطلاعات آئی ہیں وہ قطعی بے بنیاد ہیں۔
قبل ازیں اسرائیلی ریڈیو نے مصری ذرائع کےحوالے سے بتایا تھا کہ مصرنے القدس بریگیڈ اور اسرائیل کے درمیان سیزفائر کے لیے رابطےشروع کر دیے ہیں اور دونوں فریقین کو مقامی وقت کے مطابق صبح چھ بجے کے بعد سے حملے نہ کرنے پرقائل کر لیا ہے۔
ادھر سیزفائر کی اطلاعات کے باوجود صہیونی فوج کے غزہ پرحملے بدستور جاری ہیں۔ صہیونی ریاستی دہشت گردی کے جواب میں فلسطینی مزاحمتی گروپوں کی طرف سے راکٹ حملوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔