اسرائیلی سکیورٹی فورسز نے مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل کے جنوب میں فلسطینی شہریوں کی اراضی پر قائم کی گئی یہودی بستی ’’بیت حاجائی‘‘ کی تعمیر اور توسیع کا کام شروع کر دیا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق بستی کے جنوبی جانب نئے رہائشی یونٹس کی تعمیر جاری ہے۔
مقامی افراد نے ’’مرکز اطلاعات فلسطین‘‘ کو بتایا کہ یہودی بستی کے مغربی داخلی راستے کی جانب سے بستی کی توسیع کا کام جاری ہے۔ اسرائیل نے نوے کی دہائی میں یہ بستی قائم کی تھی جس کے بعد اس کی مسلسل توسیع کی جارہی ہے۔
اسرائیلی سکیورٹی فورسز نے مغربی کنارے میں ہزاروں نئے رہائشی یونٹس تعمیر کرنے کی منظوری دی ہے۔ ادھر اسرائیل کی یہودی آبادکاری کے وزیر نے اعلان کیا ہے کہ نئی اسرائیلی حکومت فلسطین بھر میں وسیع پیمانے پر رہائشی یونٹس تعمیر کرنا چاہتی ہے۔
اسرائیل کی جانب سے یہودی بستیوں کی توسیع کے باعث فلسطینی شہریوں میں شدید اشتعال پایا جاتا ہے۔ فلسطینی نوجوانوں نے الخلیل شہر کے بیت امر ٹاؤن میں یہودی آباد کاروں کی گاڑیوں پر پتھراؤ کیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق متعدد نوجوانوں نے بیت امر کی مرکزی داخلی شاہراہ پر یہودیوں کی گاڑیوں پر پتھر برسانا شروع کردیے۔
اسرائیلی فوج نے بیت امر ٹاؤن میں سکیورٹی انتظامات سخت کررکھے ہیں اور جگہ جگہ چیک پوسٹیں قائم کرکے گزرنے والے فلسطینی مسافروں کو زدوکوب کیا جا رہا ہے۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین
