مغربی کنارے کے تاریخی شہر الخلیل میں ناجائز طور پر قائم کی گئی یہودی بستیوں کے آباد کاروں کی جانب سے فلسطینی شہریوں پر حملوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ ادھر صہیونی فوج نے شہر کے داخلی راستے پر نئی عسکری چیک پوسٹ قائم کرکے سکیورٹی کے نام پر فلسطینیوں کو تنگ کرنا شروع کر دیا ہے۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ انتہاء پسند یہودیوں کے ایک ٹولےنے الخلیل کی اولڈ میونسپلٹی کی کالونیوں اور شاہراہوں سے گزرنے والے فلسطینیوں پر حملے شروع کر دیے۔ یہودی جتھہ فلسطینی گاڑیوں کو روک کر ان کے مسافروں کو زدوکوب کرتا رہا۔
اسی دوران اسرائیلی فوج نے شہر کے داخلی راستے پر نئی چیک پوسٹ قائم کر کے شہریوں کو تنگ کرنا شروع کر دیا۔ شہر کے شمالی راستے پر قائم اس عسکری چیک پوسٹ پر گزرنے والے مسافروں سے شناخت نامے طلب کیے جاتے رہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ کچھ دنوں سے الخلیل شہر میں یہودی آباد کاروں کے حملے تیز ہو گئے ہیں۔