(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) الجزائر کے صدر نے کہا کہ ان کا ملک فلسطین کو اقوام متحدہ میں مکمل رکنیت دینے کے لیے غیر معمولی جنرل اسمبلی کےاجلاس کے انعقاد کے اپنے مطالبے کی تجدید کرتا ہے۔
امریکی ریاست نیو یارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اپنے 78 ویں سیشن کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتےہوئے الجزائر کے صدر عبدالمجید تبون نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا خصوصی اجلاس بلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہےکہ خصوصی اجلاس منعقد کیا جائے تاکہ تنظیم میں فلسطین کو بطور ریاست مکمل رکنیت دینے کے حق میں ووٹ دیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ الجزائر فلسطین پر قابض ریاست کے قبضے کے خاتمے کے لیے 2002 کے عرب اقدام کے لیے پرعزم ہے، جو خطے میں عدم استحکام کی بنیادی وجہ ہے۔
عبدالمجید تبون نے سلامتی کونسل سے دو ریاستی حل کے تحفظ اور اسرائیلی قبضے کے خاتمے کے لیے ایک قرارداد جاری کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔
انہوں نے مساوات پر مبنی ایک نیا نظام قائم کرنے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اصلاحات کے مطالبے کی تجدید کی جو بین الاقوامی امن و سلامتی کو برقرار رکھنے اور طاقت کے استعمال کو روکنے میں اپنا کردار ادا کرنے میں کمزوری کا شکار ہے۔