فلسطینی شہر غزہ کی پٹی میں اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” کی حکومت کے وزیراعظم اسماعیل ھنیہ نے لیبیا کی قوم کو کرنل معمرقذافی کے ظالمانہ اور استبدادی نظام سے نجات پانے پر مبارک باد پیش کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ لیبیا کی آزادی فلسطین کی آزادی ہے۔
عشروں پر پھیلے استبدادی نظام سے نجات حاصل کرنےکے بعد اب لیبیا اپنی حقیقی منزل کی جانب گامزن ہو گا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق وزیراعظم اسماعیل ھنیہ نے لیبیا کی عبوری کونسل کے سربراہ مصطفیٰ عبدالجلیل کے نام اپنے ایک تحریری پیغام میں انہیں لیبیا کو کرنل قذافی سے نجات دلانے پر مبارک باد پیش کی۔ اپنے مکتوب میں وہ لکھتے ہیں کہ” جبسے مقتول لیڈر کرنل معمرقذافی کے خلاف عوامی بغاوت اٹھی تھی فلسطینی عوام اسی وقت سے عوام کے ساتھ تھے۔
ہم فلسطینیوں کے دل بھی لیبیا میں دھڑکتے ہیں اور میں اپنی حکومت ، حماس اور پوری قوم کی جانب سے لیبیا کی عوام اور انقلابی جدو جہد کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ لیبیا میں آنے والا انقلاب فلسطینیوں کو ان کے مستقبل کا اپنی مرضی کے مطابق فیصلہ کرنے کا موقع فراہم کرے گا”۔
وزیراعظم اسماعیل ھنیہ کا کہنا تھا کہ لیبیا میں عوامی انقلاب ایک قابض کے خلاف انقلاب ہے۔ لیبیا کی عوام نے ایک ظالم حکمران سے اپنے جمہوری حقوق چھین کر سلب کیے ہیں۔ فلسطینی عوام بھی اسی طرح کی ایک جابر اور ظالم ریاست کے ظلم کا شکار ہیں،تاہم وہ وقت دور نہیں کہ لیبیا کے عوم کی طرح فلسطینی بھی آزادی کی منزل سے ہمکنار ہوں گے۔