فلسطینی وزیراعظم اسماعیل ھنیہ اپنے بیرون ملک دوسرے دورے کے پہلے مرحلے میں خلیجی ریاست قطر پہنچ گئے ہیں۔ پیر کی شام دوحہ کے ہوائی اڈے پر ان کا استقبال قطری وزیرمملکت الشیخ ناصر بن جاسم آل ثانی اور دیگر اعلٰی حکام نے کیا۔
ھنیہ آج امیرقطر اور دیگراعلٰی حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی حکومت کے ترجمان طاہرنونو نے واضح کیا کہ وزیراعظم قطری حکام کے ساتھ بات چیت میں مسئلہ فلسطین کی تازہ صورت حال، دو طرفہ تعلقات کے فروغ، عرب ممالک میں جاری عوامی انقلابی تحریکوں اور بیت المقدس کو اسرائیل کی جانب سے لاحق خطرات پر تفصیل کے ساتھ بات چیت کریںگے۔
خیال رہے کہ بیرون ملک اسماعیل ھنیہ کے ہمراہ وزیر برائے بہبود آبادی ڈاکٹر یوسف منسی، وزیراعظم کے سیاسی مشیر ڈاکٹر یوسف رزقہ دو سابق اسیران یحیٰی السنوار، روحی مشتہی اور وزیراعظم کے ترجمان طاہر نونو شامل ہیں۔ قطر کے بعد وزیراعظم ایران اور دیگرعرب اور اسلامی ممالک کا دورہ کریں گے۔
خیال رہے کہ سنہ 2006ء میں فلسطین میں پارلیمانی انتخابات میں حماس کی کامیابی کے بعد اسماعیل ھنیہ کی سربراہی میں حکومت قائم کی گئی تھی۔ اسرائیلی حکومت کی جانب سے شہر کی معاشی ناکہ بندی اور مصر کے سابق صدر حسنی مبارک کی جانب سے غزہ کی سرحد بند کیے جانے کے باعث اسماعیل ھنیہ بیرون ملک دورے پر نہیں جا سکے۔ مصرم یں عوامی انقلاب کےبعد غزہ کے بیرون ملک راستے کسی حد تک کھلے ہیں۔ اسماعیل ھنیہ نے ایک ماہ قبل بیرون ملک دورہ کیا تھا، جس کے بعد انہوں نے جلد ہی دوسرے بیرون ملک دورے کا بھی اعلان کر دیا تھا۔

