فلسطینی وزیر اعظم اسماعیل ھنیہ نے اتوار کی صبح بحرینی ہم منصب خلیفہ بن سلمان آل خلیفہ سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا اور فلسطینی حقوق کے حصول کے لیے مشترکہ جدوجہد پر بھی اتفاق کیا۔
فلسطینی وزیر اعظم کے ترجمان طاھر نونو کی جانب سے دونوں وزراء اعظم کی ملاقات کی تفصیل ذرائع ابلاغ کو جاری کی گئیں۔ موصول ہونے والے بیان کے مطابق فریقین نے فلسطینی ثابت قدمی بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ فریقین نے اتفاق کیا کہ فلسطینی قوم کو کسی صورت اپنے مسلمہ حقوق سے دستبردار نہیں ہونا چاہیے۔
خیال رہے کہ فلسطینی وزیر اعظم ہفتے کے روز قطر سے بحرین پہنچے تھےجہاں انہوں نے بحرینی فرماں رواں حمد بن عیسی آل خلیفہ سے ملاقات کی تھی، گزشتہ روز کی ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے گزشتہ پانچ سال سے غزہ کے ظالمانہ اسرائیلی محاصرے کی مذمت اور اسے فی الفور ختم کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
فلسطینی وزیر اعظم ان دنوں سنہ 2006ء کے فلسطینی انتخابات میں حماس کی کامیابی کے بعد اپنی حکومت کی تشکیل کے بعد اپنے دوسرے بیرون ملک کے دورے پر ہیں۔ قبل ازیں چند ہفتے قبل وہ چاراسلامی ممالک کا کامیاب دورہ کر چکے ہیں۔

