فلسطینی اتھارٹی کی جانب سے اسرائیلی دشمنوں کے ساتھ اعتماد سازی کے اقدامات کے تحت رابطوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اطلاعات کے مطابق کل منگل کو اسرائیل کے دو وزراء نے فلسطینی اتھارٹی کے ہیڈ کواٹر کا الگ الگ دورہ کیا جہاں فلسطینی حکام کی جانب سے ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی وزیرخزانہ یئیر لبید ایک اعلیٰ اختیاراتی وفد کے ہمراہ رام اللہ میں فلسطینی اتھارٹی کے ہیڈ کواٹر پہنچے جہاں ان کی ملاقات اتھارٹی کے وزیر مالیات اور دیگر حکام سے ہوئی۔ بعد ازاں انہیں وسطی رام اللہ میں "الموفینبک” ہوٹل میں لے جایا گیا۔ جہاں دوبارہ مذاکرات ہوئے۔ اس موقع پرفلسطینی اتھارٹی کی پولیس نے سیکیورٹی کے تمام انتظامات کر رکھے تھے۔ہوٹل میں میڈیا کے نمائندوں بالخصوص مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کو جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ ذرائع کے مطابق فلسطینی حکام اور اسرائیلی وزیر کے مابین ہوئی بات چیت میں قرضوں، بجلی کی فراہمی اور صحت سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ادھر اسرائیلی ریڈیو کی رپورٹ کے مطابق منگل کو اسرائیلی وزیر ماحولیات عمیر پیریز نے بھی اچانک رام اللہ ہیڈ کواٹر کا دورہ کیا۔ جہاں ان کا پرجوش استقبال کیا گیا۔
ریڈیو رپورٹ میں اسرائیلی وزاء کی جانب سے یہ دورے غیرمعمولی قرار دیے گئے ہیں اور کہا گیا ہے کہ دوروں کا اہتمام فلسطینی حکام کی جانب سے دعوت کے بعد کیا گیا تھا۔
