مقبوضہ بیت المقدس (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) صیہونی پولیس کی فول پروف سیکیورٹی میں صیہونی آباد کاروں کا قبلہ اوّل پر دھاوؤں اور مقدس مقامات کی بے حرمتی کا سلسلہ جاری ہے۔ کل بدھ کو گروپوں کی شکل میں 44 صیہونی آباد کار جن میں فوجی بھی شامل تھے قبلہ اوّل میں داخل ہوئے اور مقدس مقام کی بے حرمتی کی۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مقامی فلسطینی ذرائع نے بتایا ہے کہ بدھ کے روز 44 صیہونی آباد کاروں نے مسجد اقصیٰ میں گھس کر مقدس مقام کی بے حرمتی کی۔ ادھر اسرائیلی پولیس کی سیکیورٹی میں یہودی سیاحوں کا ایک گروپ بھی قبلہ اوّل میں گھسا تاہم بعد ازاں ان یہودیوں نے بھی تلمودی تعلیمات کے مطابق مذہبی رسومات ادا کیں۔ نماز ظہر کے وقت یہودیوں کی قبلہ اوّل میں آمد ورفت کی وجہ فلسطینی نمازیوں کو مسجد کے باہر روک دیا گیا۔