فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر طوباس میں بدھ کے روز اسرائیلی فوجیوں نے تلاشی کی کارروائی کے دوران جمہوری محاذ برائے آزادی فلسطین کے ایک اہم رہنما کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔ تلاشی کی کارروائیوں میں فائرنگ کرکے تین فلسطینیوں کو زخمی بھی کردیا گیا۔
مقامی فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ صہیونی فوجیوں نے طوباس شہر میں الفارعہ شاہراہ پر فلسطینیوں کے گھروں میں تلاشی کا سلسلہ شروع کیا۔ تلاشی کی کارروائیوں میں ایاد المسلمانی نامی ایک اہم رہنما کو حراست میں لے لیا گیا۔ المسلمانی کا تعلق جمہوری محاذ برائے آزادی فلسطین سے بتایا جاتا ہے۔
فلسطینی سیاسی رہنما کی گرفتار کے رد عمل میں شہری گھروں سے نکل آئے اور اسرائیلی فوج کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ قابض فوجیوں نے فلسطینی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر لاٹھی چارج کا استعمال کیا اوران پر گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں کم سے کم تین افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ایک شخص کو ٹھوڑی پرجب کہ دوسرے کو بازو پرگولی لگی ہے۔