اسرائیلی فوج کی بڑی تعداد نے مغربی کنارے کی مشرق میں اردن سے ملحق وادی اردن کے مختلف علاقوں میں دھاوا بولا اور اندھا دھند فائرنگ کر کے تین فلسطینیوں کو بری طرح زخمی کر دیا۔ فلسطینی ذرائع کے مطابق وادی اردن میں یہ اپنی نوعیب کا پہلا واقعہ تھا۔
تفصیلات کے مطابق فوجی گاڑیوں پر سوار مسلح صہیونی اہلکار نے فجر کے وقت عین السلطان اور عقبہ جبر کی کالونیوں پر دھاوا بولا، مقامی شہریوں کی جانب سے مزاحمت کی کوشش پر صہیونیوں اہلکاروں نے فائرنگ کر دی جس کی زد میں آ کر تین فلسطینی زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں سے ایک کی حالت نازک ہے۔
اریحا اور اغوار (وادی اردن) کے ایک مقامی گارڈ ماجد فتیانی نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے متعدد علاقوں پر رات ایک بجے حملہ کیا اور متعدد گھروں میں گھس کرتوڑ پھوڑ کی۔ فتیانی نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے اغوار میں فلسطینی تعمیرات کو منہدم کرنے، شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنانے اور انہیں ہجرت پر مجبور کرنے کی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔

