اسرائیلی جیل نفحہ الصحراوی میں قید متعدد فلسطینی اسیران کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کے خصوصی یونٹ ’’المٹساڈا‘‘ نے جیل پر دھاوا بولا اور فلسطینی اسیران کے یونٹ نمبر گیارہ میں موجود تمام قیدیوں کو کسی نامعلوم تفتیشی مرکز منتقل کر دیا۔
اسیران کے مطابق حملہ صبح تین بجے کیا گیا۔ جیل انتظامیہ نےاسیران کو یہاں سے منتقل ہونے کے احکامات سنائے، اس دوران اسرائیلی فوج کے خصوصی یونٹ نے بھی اس یونٹ پر دھاوا بول دیا اور کسی کو بھی ضرورت کا سامان ساتھ لے جانے نہیں دیا۔
اسیران نے اندازہ لگاتے ہوئے بتایا کہ یہاں سے لے جائےگئے اسیران کو جلبوع اور ریمون کے دو جیلوں میں لے جایا جائے گا۔ اس سب کا مقصد فلسطینی اسیران کو ایک دوسرے سے جدا کرنا ہے تاکہ جیل انتظامیہ کے خلاف ان کی کسی بھی مشترکہ منصوبہ بندی کو ناکام بنایا جا سکے۔
اس موقع پر جیل کے باقی بچ رہنے والے اسیران نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور قانونی اداروں سے اس صورتحال پر مداخلت کرنے اور اسرائیل کو بے گناہ افراد کے خلاف مظالم سے باز رکھنے کا مطالبہ بھی کیا۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین

