قابض اسرائیلی فوج نے گذشتہ روز مقبوضہ بیت المقدس کے الطور قصبے میں ‘زیتون کی پہاڑی’ نامی سپورٹس کلب پر دھاوا بول دیا اور کارروائی کے دوران ریکارڈنگ کیمرہ ضبط کر کے ساتھ لے گئے۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کی بھاری نفری زبردستی سپورٹس کلب میں داخل ہو گئی اور وہاں نگرانی کے لئے لگائے گئے کیمرہ کی ریکارڈنگ قبضے میں لے لی اور جاتے ہوئے ایک نوجوان کو گرفتار کر کے ساتھ لے گئے۔ صہیونی فوجیوں نے حراست میں لئے جانے والے نوجوان کو کار میں ہتھ کڑی لگاتے وقت بری طرح تشدد کا نشانہ بنایا۔اسی دن اسرائیلی فوجیوں نے الطور قصبے کو جانے والی سڑک پر ایک ماہ پہلے کھڑی کی گئی رکاوٹیں ہٹا دیں۔ انہوں نے سلیمان الفارسی سڑک کو بھی ٹریفک کے لئے کھول دیا۔ اسرائیل کے ان اشتعال انگیز اقدامات کے باعث اہالیاں علاقہ کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا تھا۔
مقبوضہ بیت المقدس میں سیکیورٹی انتہائی سخت کر دی گئی ہے اور چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران روزانہ گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔