اسرائیلی سکیورٹی فورسز نے ہفتے کے روز علی الصبح مغربی کنارے کے شمالی شہر قلقیلیہ کے ٹاؤن کفر قدوم ٹاؤن کا محاصرہ کرلیا۔ علاقے کی جانب تمام آمد و رفت روک دی گئی ہے اور اس پورے ٹاؤن کو ممنوعہ فوجی علاقہ قرار دیدیا گیا ہے۔
مقامی افراد نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کی بڑی تعداد نے کفر قدوم پر ہفتہ کی علی الصبح دھاوا بولا، علاقے کے واحد داخلی راستے پر پہرہ لگا کر اسرائیلیوں نے مسافروں کی روک ٹوک شروع کردی۔ اسرائیلی اہلکاروں نے فلسطینی کاروں کو روک کر ان کی باریک بینی سے تلاشی لینا شروع کردی۔ فلسطینی شہریوں کے ساتھ ساتھ غیر ملکی رضا کاروں کو بھی روک کر پوچھ گچھ کی جاتی رہی۔
اسرائیلی فوج نے اس ٹاؤن کو فوجی علاقہ قرار دے ڈالا، خیال رہے کہ اس ٹاؤن میں فلسطینیوں نے صہیونی عقوبت خانوں میں موجود فلسطینی اسیران کے ساتھ اظہار یک جہتی کے لیے مظاہرے کی تیاریاں شروع کر رکھی تھیں، اسرائیلی فوج کی اس کارروائی کا مقصد اس مظاہرے کو ناکام بنانا بھی ہے۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین
