اسرائیلی فوج نے ہفتہ کے روز الخلیل شہر میں دورا قصبے میں حماس کے رکن قانون ساز اسمبلی نایف الرجوب کے گھر پر چھاپہ مارا اور ان کے ایک بیٹے کو انٹیلی جنس ایجنسی کی طرف سے تفتیش کے لئے طلبی نامہ تھما دیا۔
نایف الرجوب کے بیٹے یوسف الرجوب نے قدس پریس کو بتایا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں نے صبح دو بجے ان کے گھر پر دھاوا بول دیا اور توڑ پھوڑ کرنا شروع کردی۔ اس کے بعد انہوں نے ان کے بڑے بھائی کو انٹیلی جنس کی طرف سے ایک طلبی نامہ تھما دیا۔
انہوں نے بتایا کہ طلبی نامے کے مطابق ان کے بھائی کو اپنی کی شادی کے دن عتصیون تفتیشی مرکز میں پیش ہونا ہے۔
ایک اور واقعہ کے مطابق اسرائیلی فوج نے الخلیل شہر میں دو فلسطینی نوجوانوں کو اغوا کرلیا۔
فلسطینی سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں نے تل ارمیدہ کے علاقے میں تحدی اور صمود یوتھ سنٹرز پر دھاوا بول دیا اور انسانی حقوق کے لئے کام کرنے والے نوجوان کارکن جواد ابو عائشہ کو حراست میں لے لیا۔
ایک اور نوجوان معاذ جریبت کو الخلیل کے الطبقہ گائوں سے حراست میں لے لیا گیا تھا۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
