قابض اسرائیلی فوج نے جمعرات کے روز مقبوضہ مغربی کنارے کے شمال میں واقع جنین شہر میں کارروائی کرتے ہوئے زیر تعمیر فلسطینی کمرشل بلڈنگ کو مسمار کردیا۔
صیہونی فوج کی اس کارروائی کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی اور فلسطینی شہریوں اور اسرائیلی فورسز کے درمیان تصادم کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
جنین میں موجود مقامی ذرائع نے بتایا ہے کہ قابض حکام کے فوجی بلڈوزروں نے دیوار فاصل کے پیچھے موجود فلسطینی گائوں برطعہ میں زیر تعمیر کمرشل بلڈنگ کو تباہ کردیا۔ برطعہ کی مقامی کونسل کے رکن توفیق کبھا نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی فوج کی ایک بڑی تعداد نے گائوں پر دھاوا بول دیا اور دس دکانوں اور 600 سکوائر میٹر پر محیط اس کمرشل بلڈنگ کو مسمار کردیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ انہی بلڈوزروں نے پھر بغیر لائسنس تعمیر کرنے کے الزام میں دو گیراج اور ایک جھونپڑی کو بھی مسمار کردیا۔ کبھا کا کہنا تھا کہ اس کارروائی کے بعد فلسطینی نوجوانوں اور اسرائیلی فوجیوں کے درمیان تصادم کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ ان جھڑپوں کے دوران اسرائیلی فوجیوں نے مظاہرین پر آنسو گیس کے شیل اور گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں درجنوں فلسطینی زخمی ہوگئے۔
کبھا نے مزید بتایا کہ اسرائیلی حکام نے کچھ ماہ قبل تقریبا 20 دکانوں کو مسمار کرنے کے نوٹس جاری کئے تھے اور اب تک اسرائیلی بلڈوزر 11 دکانوں کو تباہ کرچکے ہیں۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
