فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے شہر الخلیل کے شمال میں العرب مہاجر کیمپ کے قریب اسرائیلی فوج کے زیراستعمال ایک کنٹرول ٹاور پر فلسطینی مظاہرین نے پٹرول بموں سے حملہ کیا ہے، جس کے نتیجے میں ٹاورمکمل طورپر جل کر خاکستر ہو گیا۔
مقامی فلسطینی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ ہفتے کی شام العرب پناہ گزین کیمپ کے فلسطینی باشندوں نے اسرائیلی فوج کی غنڈہ گردی کےخلاف احتجاجی جلوس نکالا۔ مشتعل مظاہرین نے آگے بڑھ کر الخلیل کی مرکزی شاہراہ پرقائم کنٹرول ٹاور پر پتھراؤ کیا اور پٹرول بم پھینکے جس کے نتیجے میں ٹاور مکمل طور پر تباہ ہو گیا، تاہم واقعے میں اسرائیلی فوج کے کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ فلسطینیوں کے حملے کے بعد یہودی فوج کی بڑی تعداد نے علاقے کو گھیرے میں لے کر حملہ آروں کو پکڑنے کی کوشش کی تاہم وہ فرار میں کامیاب ہو گئے۔
عینی شاہدین کے مطابق صہیونی فوجیوں نے شمالی الخلیل میں "العروب” مہاجر کیمپ میں فلسطینیوں کے گھروں پر چھاپے مارے اور خواتین اور بچوں کو زدو کوب کیا تاہم کسی شخص کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔
درایں اثناء شمالی الخلیل کے شہریوں نے اطلاع دی ہے کہ صہیونی فوج نے جنوبی شہر میں دورا کے مقام پر چیک پوسٹ قائم کی ہے جس کے خلاف مقامی آبادی نے سخت احتجاج شروع کیا ہے۔ ہفتے کے روز العروب کیمپ کے قریب قائم کی گئی فوجی چیک پوسٹ کے قریب مظاہرہ کرنے والے سیکڑوں شہریوں پر صہیونی فوجیوں نے ربڑکی گولیاں چلائیں، جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
قابض فوج نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پراشک آور گیس کے شیل بھی پھینکے۔ صہیونی فوج نے الخلیل کی مرکزی شاہراہ پر ناکہ لگا کر پیدل چلنے والے راہ گیروں اور گاڑیوں کی تلاشی کا بھی سلسلہ شروع کیا ہے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
