اسرائیل کی ایک فوجداری عدالت نے 53 سالہ فلسطینی اسیرہ نوال سعید السعدی کی مدت حراست میں مزید چار ماہ کا اضافہ کردیا ہے۔ ان کی پہلی مدت حراست 20 ماہ تھی جو اب ختم ہونے کے قریب تھی کہ اس میں چار ماہ کی توسیع کردی گئی ہے۔
اسیرہ کے اہل خانہ کے ایک ذریعے نے "مرکز اطلاعات فلسطین” کو بتایا کہ مغربی کنارے میں قائم اسرائیلی عدالت "عوفر” کی جانب سے گذشتہ روز جاری فیصلے میں نوال السعدی کی قید میں چار ماہ اضافے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ان پر 10 شیکل جرمانے کی سزاء بھی برقرار ہے۔
خیال رہے کہ فلسطینی خاتون رہ نما نوال السعد السعیدی کو مغربی کنارے کے شہر جنین سے پانچ جنوری 2012 ء کو حراست میں لیا گیا تھا۔ اس سے قبل وہ 19 اپریل 2008 ء کو بھی حراست میں لی گئی تھیں اور انہیں الجلمہ جیل میں 18 دن تک حراست میں رکھا گیا تھا۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
