فلسطینی شہرغزہ کی پٹی میں میڈیکل ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ قابض صہیونی فوج کے جنگی طیاروں کی بمباری میں غزہ کی پٹی میں دو فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔ شہداء میں سے ایک کا تعلق اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” کے عسکری بازو عزالدین القسام بریگیڈ سے بتایا جاتا ہے۔
ادھر دوسری جانب فلسطینی مجاہدین نے غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کی ایک گشتی پارٹی کو شہر میں دراندازی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے صہیونی فوج کو پسپائی پر مجبور کر دیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ میں ہنگامی طبی سروسزکے ترجمان ادھم ابوسلمیہ نے بتایا کہ غزہ کی پٹی میں بیت لاھیا میں صہیونی فوج کی طیاروں کے ذریعے کی گئی بمباری سے22 سالہ نصرعلیان اور 23 سالہ محمد ابوحلیمہ شہید ہو گئے۔ شہداء میتیں غزہ کے ایک مرکزی اسپتال منتقل کر دی گئی تھیں جنہیں آج سپرد خاک کیا جائے گا۔
ادھر مقامی ذرائع کے مطابق مجاہدین کے گروہ نے صہیونی فوج کی غزہ میں دراندازی کی کوشش کو ناکام بنائے جانے کے بعد اسرائیلی فوج کے جنگی طیاروں نے بیت لاھیا میں بمباری کی، جس کے نتیجے میں دو فلسطینی شہید ہو گئے۔ شہداء میں سے ایک کا تعلق حماس کے ملٹری ونگ عزالدین القسام بریگیڈ سے ہے۔
درایں اثناء صہیونی ریڈیو نے فوجی ذرائع کےحوالے سے بتایا ہے کہ جمعرات کو مزاحمت کاروں کی جانب سے غزہ کی سرحد کے قریب اسرائیلی فوج کی ایک جیپ پر فائرنگ کی گئی جس کے بعد فوج نے مجاہدین کا تعاقب کیا، تاہم مزاحمت کا وہاں سے فرارہونے میں کامیاب ہو گئے۔ ان کا تعاقب کرنے کے لیے فوجی طیاروں کی مدد لی گئی اور بمباری میں دو مزاحمت کاروں کو مارا گیا ہے۔
حماس کے ملٹری ونگ عزالدین القسام بریگیڈ نے صہیونی فوج کی بمباری میں اپنے ایک رکن کی شہادت کی تصدیق کی ہے۔ القسام بریگیڈ کا کہنا ہےکہ وہ صہیونی فوج کی غزہ کی پٹی میں دراندازی کی کارروائیوں کو ناکام بنانےکے لیے صہیونی فوج پر حملے کرتے رہیں گے۔