(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) رپورٹ کے مطابق اتوار کے روز دارالحکومت تل ابیب کے قریب ’’راس العین‘‘ کے مقام پر ایک مشتبہ فلسطینی حملہ آور کے چاقو سے کیے گئے حملے میں ایک اسرائیلی خاتون شدید زخمی ہوئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ شبہ ہے کہ یہ حملہ ایک فلسطینی لڑکی کی جانب سے کیا گیا ہے۔ادھر اسرائیل کےعبرانی ٹی وی نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ پولیس نے ایک فلسطینی لڑکی کو گرفتار کیا ہے جس پر یہودی خاتون پر چاقو سے حملے کا شبہ ہے۔
اسرائیلی پولیس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیاہے کہ کفر قاسم کے مقام سے ایک فلسطنی لڑکی کو گرفتار کیا گیا ہے۔ اس کی عمر 23 سال ہے۔ اسے مزید تفتیش کے لیے حراستی مرکز منتقل کردیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ اسرائیلی فورسز کی جانب سے آئے روز کم عمر فلسطینی بچوں اور بچیوں کو اس دعوے کے تحت حراست میں لیا جاتا یا انہیں سرعام گولیاں مار دی جاتی ہیں کہ وہ اسرائیلیوں پر حملوں کی منصوبہ بندی کررہے تھے تاہم صہیونی فوج کسی فورم پر اپنا یہ دعویٰ درست ثابت نہیں کرسکی ہے۔
