فلسطینی شہرغزہ کی پٹی میں حکمراں جماعت اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” کے وزیراعظم اسماعیل ھنیہ نےغزہ میں اسرائیل کی تازہ ریاستی دہشت گردی کی شدید مذمت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ اسرائیلی جارحیت رُکوانے کے لیے عرب ممالک اور عالم اسلام کے ساتھ رابطے کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صہیونی جارحیت کے نتیجے میں غزہ میں تین افراد شہید اور20 زخمی ہو گئے تھے۔
غزہ میں جمعہ کےاجتماع کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ "اسرائیل کی تازہ جارحیت کوئی نئی بات نہیں۔ قابض صہیونی فوج اورغاصب ریاست نے کئی مرتبہ اس طرح کی جارحیت مسلط کرنے کی دھمکیاں دی تھیں۔ تازہ جنگی جارحیت اور قتل عمد کی وارداتیں ناقابل برداشت ہیں تاہم فلسطینی عوام اس کا منہ توڑجواب دیں گے”۔
اسماعیل ھنیہ کا کہنا تھا کہ صہیونی فوج کی جارحیت کے جواب میں فلسطین عوام آہنی عزم کے ساتھ جواب دیں گے۔ فلسطینیوں کا عزم صہیونی جارحیت اور اسکے مشینی آلات کو بدترین شکست دے گا۔
انہوں نے فلسطینی عوام پر زور دیا کہ وہ صہیونی جارحیت کا جواب دینے کے لیے اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں۔