اسرائیلی فوج نے بتایا ہے کہ مقبوضہ فلسطین کے جنوبی علاقوں میں فلسطینی مزاحمت کاروں کی جانب سے داغے گئے تین راکٹ گرے ہیں تاہم ان میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ فوجی حکام کے مطابق یہ راکٹ حملے ہفتے کے روز غزہ کی پٹی میں ایک مزاحمتی تنظیم القدس بریگیڈ کے اراکین کی شہادت کے بعد کیے گئے ہیں۔ ادھر دوسری جانب پولیس حکام کے مطابق فلسطینیوں کے ایک راکٹ حملے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
اسرائیلی ریڈیو نے عسکری ذرائع کےحوالے سے بتایا ہے کہ غزہ کی پٹی سے شمال کی سمت اسدود کے مقام پر تین راکٹ حملےکیے گئے ہیں۔ تاہم ان حملوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ادھر دوسری جانب فلسطینی مزاحمتی تنظیم القدس بریگیڈ نے اسرائیلی کالونیوں اور فوجی کیمپوں پر”گراڈ” طرز کے کئی راکٹ داغنے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ تنظیم کی جانب سےجاری ایک بیان میں کہا گیا کہ انہوں نے یہ راکٹ حملے اپنے بریگیڈ کے پانچ ارکان کی صہیونی فوج کی بمباری میں شہادت کے رد عمل میں کیے ہیں۔ وہ اسرائیل سے سخت انتقام لیں گے اور یہودی بستیوں اور فوجی کیمپوں پر مزید راکٹ حملے کریں گے۔
ادھر دوسری جانب مقبوضہ فلسطین کے سنہ 1948ء کے علاقوں میں پولیس نے فلسطینیوں کے راکٹ حملوں سے متعدد افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔ تاہم پولیس کی جانب سے یہ نہیں بتایا گیا ہے کہ آیا یہ راکٹ حملے کہاں ہوئے ہیں اور ان میں زخمی یا ہلاک ہونے والوں کی تعداد کیا ہے۔
خیال رہے کہ ہفتے کی شام صہیونی فوج نے فلسطینی شہرغزہ کی پٹی میں فلسطینی مزاحمتی تنظیم جہاد اسلامی کے عسکری ونگ القدس بریگیڈ کے ایک تربیتی کیمپ پر بمباری کی تھی جس کے نتیجےمیں پانچ افراد شہید اور پانچ زخمی ہو گئے تھے۔