(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسرائیل کی سرکاری ایئر لائن ایل آل نے دبئی کے لیے پہلی کارگو پرواز کی روانگی کا اعلان کردیا۔
ذرائع کے مطابق اسرائیل کی سرکاری ایئر لائن ایل آل کی جانب سےبیان جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق اسرائیل اور اماراتکےدرمیان تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے ہونے والے معاہدے کو مد نظر رکھتے ہوئے تل ابیب کے قریب قائم
ایئرپورٹ سے 16 ستمبر کو پہلی کارگو پرواز روانہ ہوگی تاہم مسافر پرواز کی طرح براہ راست اسرائیل سے امارات
پرواز کرنے کے بجائے مذکورہ کارگو پرواز باراستہ بیلجیئم سے دبئی جائے گی۔
یہ اعلان متحدہ عرب امارات میں اسرائیل ایئر لائن کی کمرشل پرواز پہنچنے کے کچھ روز بعد سامنے آیاتاہم اس حوالے سے ایل آل ایئر لائن نےمزید تفصیلات فراہم کر نے سے انکار کردیا ہے۔
اسرائیلی ایئر لائن کے مطابق امارات جانے والے بوئنگ747 طیارے میں زرعی اور ہائی ٹیک آلات ہوں گے جبکہ یہ کارگو پروازیں ہر ہفتے اسرائیلی کمپنیوں کے لیے درآمدات اور برآمدات کےسامان کےساتھ دبئی کے لیے اڑان بھریں گی ۔
خیال رہے کہ اس سے قبل رواں ہفتے ایل آل کی پرواز کے ذریعےاسرائیلی اور امریکی وفد دونوں ممالک کے درمیان امن معاہدے پر بات چیت کے لیے امارات پہنچا تھا۔