انٹرنیشنل سولی ڈیریٹی فاؤنڈیشن کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی الرملہ جیل میں فلسطینی مریض قیدیوں کو علاج کی مناسب سہولیات سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ اس وقت جیل میں تیرہ فلسطینی قیدی مریضوں کی حالت انتہائی نازک ہے۔
تنظیم کے تحقیق کار احمد بیتاوی کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق جیل انتظامیہ کی جانب سے صحت کے حوالے سے قیدیوں کی دیک بھال میں مجرمانہ غفلت کے سبب فلسطینی قیدی خطرناک امراض میں مبتلا ہو چکے ہیں۔
مختلف امراض میں مبتلا ان قیدیوں کو علاج کی سہولیات فراہم کرنے کے بجائے اسرائیل نے ان قیدیوں کو انتہائی چھوٹے بیرکوں میں ڈال دیا ہے ان مریضوں کو انتہائی ناقص اور غیر معیاری کھانا فراہم کیا جارہا ہے۔
بیتاوی کا کہنا ہے کہ ان قیدیوں نے عید الاضحی سے قبل جیل انتظامیہ کے بہیمانہ سلوک کے خلاف بھوک ہڑتال کی تھی جس کے بعد اسرائیلی حکام نے ان سب کو قید تنہائی میں ڈال دیا اور سب کو اپنے پیاروں کی ملاقات سے بھی محروم کردیا ہے۔
انٹرنیشنل سولڈیریٹی فاؤنڈیشن کے مطابق ’’مراش‘‘ ہسپتال میں کئی ماہ سے قیدیوں کی ضروریات کے لیے رقوم کی فراہمی بند ہے۔ تمام بنیادی ضروریات کی اشیاء بالخصوص کھانے پینے کی اشیاء سے محروم مریض اسیران نے اسیران امور کی وزارت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
تحقیق کار احمد بیتاوی کے مطابق اس جیل میں کس مپرسی کی حالت میں زندگی گزارنے والے قیدیوں میں اسیر اکرم الریخاوی، عبد القادر مسالمہ، اشرف ابوذراع، محمد عبد العزیز، خالد الشویش، زید شماسنہ، ناھض الاقرع، معتصم رداد، علاء حسونہ، محمود سلمان، سلمان عابدین، یاسر نزال اور امیر صبارنہ شامل ہیں۔