صہیونی حکومت نے امریکی حکومت سے کہا ہے کہ وہ مصر میں فوجی انقلاب کے بعد امریکا کی جانب سے قاہرہ کی بند کی گئی فوجی امداد بحال کر دے۔
اسرائیلی اخبار”ہارٹز” کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی حکومت کی جانب سے متعدد مرتبہ واشنگٹن کو یہ پیغام دیا گیا ہے کہ قاہرہ مصر کی فوجی امداد بحال کر دے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جلد ہی اسرائیلی حکومت کی امریکی حکومت سے مطالبہ کرے گی کہ وہ مصر کی ہرقسم کی امداد بالخصوص فوجی امداد بحال کر دے۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیل امریکا اور مصر کے درمیان فوجی امداد کی بحالی کے لیے ثالثی کرنے کو تیار ہے۔ اسرائیل کی خواہش ہے کہ امریکا مصر کی فوجی امداد بحال کر دے کیونکہ مصری فوج جزیرہ نما سینا اور ملک کے دوسرے حصوں میں’دہشت گردی” کی بیخ کنی میں مصروف ہے، اس لیے قاہرہ کی فوجی امداد کو ہرصورت میں بحال ہونا چاہیے۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی حکومت کی جانب سے امریکی انتظامیہ اور سرکردہ اراکین کانگریس کو تحریری طور پر کہا گیا ہے کہ واشنگٹن جنگ میں استعمال ہونے والے دس "اباچی ہیلی کاپٹر” قاہرہ کو دے دے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مصری فوج جزیرہ سینا میں عالمی جہادی نیٹ ورک کو تباہ کرنے میں سرگرم ہے۔
اخبار نے ذرائع کے حوالے سے لکھا ہے کہ امریکا میں متعین اسرائیلی سفیر رون ڈیرمر نے اہم امریکی حکومتی شخصیات اور سفارت کاروں سے بھی ملاقاتیں کی ہیں۔ اسرائیلی سفیر امریکی حکومت کو مصر کو اپاچی ہیلی کاپٹروں کی فراہمی پر قائل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ گذشتہ برس کے وسط میں مصر میں اخوان المسلمون کی منتخب حکومت اور صدر محمد مرسی کی برطرفی کے رد عمل میں امریکا نے مصر کی فوجی امداد روک لی تھی۔ اسرائیل اور مصر کی کوششوں کے علی الرغم یہ امداد بحال نہیں ہوئی ہے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
