مقبوضہ مغربی کنارے سے موصولہ اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ اتوار کو علی الصباح صہیونی فوج نے جنوب مغربی کنارے کی الخلیل گورنری میں واقع متعدد دیہات اور کالونیوں پر دھاوا بول دیا۔ شہر پر دھاوا بولنے والے فوجی شہر میں متعدد عمارتوں کی چھتوں پر چڑھ گئے۔
مقامی ذرائع نے مرکز اطلاعات فلسطین کے نمائندے کو بتایا کہ اسرائیلی فوج نے تفوح، حلحول، سعیر، الشیوخ، زیف، یطا اور بیت کاحل دیہات پر دھاوا بولا۔ شہر پر چرھائی کے بعد اسرائیلی فوجیوں نے تمام داخلی راستوں پر رکاوٹیں کھڑی کر دیں اور ناکے لگا کر گاڑیوں کی مکمل چیکنگ شروع کر دی۔
الخلیل میں عادل شویکی نامی شہری کے گھر کی چھت پر اسرائیلی فوجیوں نے پوزیشنز سنبھال رکھی ہیں۔ اس جگہ کو صہیونی فوجیوں نے فوجی چھاؤنی بنا رکھا ہے، جہاں وہ ہر آنے جانے والی ٹریفک کی مکمل تلاشی کے بعد انہیں شہر میں داخلے کی اجازت دیتے ہیں۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین۔

