قابض صہیونی حکام کی جانب سے انتظامی حراست میں رکھے گئے فلسطینی صحافی امین ابو وردہ کی مدت حراست میں مزید چھ ماہ کی توسیع کی ہے۔ اس سے قبل ان کی مدت حراست میں تین ماہ کی توسیع کی گئی تھی جس کے پورا ہونے کے بعد مزید چھ ماہ کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق صحافی امین ابو وردہ کے اہل خانہ کے ایک ذریعے نے بتایا کہ ابو ردہ کے وکیل جمیل الخطیب نے انہیں اطلاع دی ہے کہ صہیونی عدالت نے ان کے موکل کی سزا میں چھ ماہ کی مزید توسیع کی ہے۔
خیال رہے کہ امین ابو وردہ کو صہیونی فوجیوں نے کچھ عرصہ قبل مغربی کنارے میں اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” کے کارکنوں، سیاسی رہ نمائوں اور صحافیوں کے خلاف کریک ڈائون کے دوران حراست میں لیا تھا۔
اسرائیلی حکام کی جانب سےان پرکوئی الزام توعاید نہیں کیا جاسکا ہےتاہم انہیں بغیر کسی الزام ہی کے انتظامی حراست میں رکھا گیا ہے۔ امین ابو وردہ پی ایچ ڈی ڈاکٹر اور کئی کتابوں کے مصنف بھی ہیں۔
