(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطینیوں نے عالمی برادری اور مسلم حکمرانوں سے اپیل کی کہ اس ماہ مبارک میں مسجد آنے والے مسلمانوں کو قابض فوج کے مظالم سے تحفظ فراہم کریں اور عبادت گزاروں کیلیے آسانیاں پیدا کریں۔
اطلاعات کے مطابق گذشتہ روز مقبوضہ بیت المقدس میں ہزاروں فلسطینی نمازیوں نےقبلہ اول میں رمضان المبارک کے روضے کی پہلی سحری کی اور فجر کی نماز ادائیگی کا اہتمام کیا۔
فلسطینی مسلمانوں کے خاندان مسجد کے صحنوں میں جمع ہوئے اور انہوں نے سال 2022 کے رمضان المبارک کی پہلی سحری کی اوراس مقدس مقام سے اپنی روحانی وابستگی کی تصدیق کرتے ہوئے صہیونی ریاست اسرائیل کی منظم یہودیت کی پالیسی کو مسترد کردیا۔
زائرین کا کہنا تھا کہ مسجد اقصیٰ جو مسلمانوں کے لیے دنیا کی تیسری مقدس ترین جگہ ہے اس مقا م پر رمضان کے مقدس مہینے میں نما زادا کرنے کی اپنی ہی فضیلت ہےاس لیے دنیا بھر کے مسلمان رمضان میں مقدس مقام کی زیارت کے لیے سفر کریں۔
انہوں نے عالمی برادری اور مسلم حکمرانوں سے اپیل کی کہ اس ماہ مبارک میں مسجد آنے والے مسلمانوں کو قابض فوج کے مظالم سے تحفظ فراہم کریں اور عبادت گزاروں کیلیے آسانیاں پیدا کریں ۔
خیال رہے کہ صہیونی آبادکاروں کے حملوں سے بچاؤ کیلیے اس وقت مسجد اقصیٰ میں فلسطینیوں کی جانب سے تحفظ کی مہم "عظیم فجر” کے نام سے شروع کی گئی ہے جس کے تحت فلسطینی مسلمان خاص طور پر جمعہ کے روز مسجد میں بڑےپیمانے پر فجر کی نماز کی ادائیگی اور تلاوت قرآن پاک کیلیے دور دراز علاقوں سے جمع ہوتے ہیں اور پروردگار عالم کی بارگاہ میں قبلہ اول کی حفاظت کی خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا جاتا ہے۔